اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں، مکروہ دھندہ چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انسانی سمگلروں کے خلاف اب تک کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
دوران بریفنگ کہا گیا کہ جون 2023 اور دسمبر 2024 کے انسانی سمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی سمگلر گرفتار ہو چکے ہیں، متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف ہو چکے ہیں اور کئی تادیبی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ انسانی سمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں اور مزید ضبط کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، انسانی سمگلروں کے استغاثہ کے عمل کیلئے خصوصی پراسیکیوٹر تعینات ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں، انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلا کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنیوالوں کی سکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے، وزارت اطلاعات و نشریات غیرقانونی بیرون ملک سفر اور انسانی سمگلنگ کے بارے میں مؤثر آگاہی مہم چلائیں۔
وزیراعظم نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔