کراچی: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے کراچی ایکسپورٹ پروسسیسنگ زون میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑ لی۔
پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلیکٹریٹ نے سردار انٹرپرائزز کی 82 کروڑ 50 لاکھ کی ٹیکس چوری پکڑ کر ایف آئی درج کرلی، کراچی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں سردار انٹرپرائزز نے استثنیٰ پالیسی کا غلط استعمال کیا اور سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی۔
کمپنی نے نئی مستثنیٰ اشیاء کو غائب کیا اور استعمال شدہ سامان کو مقامی قیمت پر غیر قانونی طور پر کلیئر کیا، چھاپہ مار کارروائی کے دوران ضبط کئے جانے والے سامان کی مالیت 1 کروڑ 6 لاکھ اور اس پر ٹیکس چوری کی مالیت 36 لاکھ روپے ہے۔
کلیکٹر سعدیہ شیراز کے مطابق کمپنی کی دوسرے کنسائنمنٹ میں انکشاف ہوا روئی امپورٹ کی آڑ میں 14ہزار کلو صنعتی دھاگہ دھوکے سے منگوایا گیا، خاص قسم کے سفید نما صنعتی دھاگے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فی کلو 44 ہزار روپے ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضبط شدہ سامان کی مالیت 2 کروڑ 20 لاکھ اور ٹیکس شدہ ڈیوٹی کی مالیت 82 کروڑ روپے ہے، دونوں کنسائنمنٹس کے ضبط شدہ سامان کی مالیت 3 کروڑ 20 لاکھ اور ٹیکس چوری مالیت 82 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔