مریم نواز کے متعلق تاجروں کی بات بیانیہ بنا کر پیش کرنا بددیانتی ہے: سعدیہ جاوید

Published On 26 January,2025 06:37 pm

کراچی :(دنیا نیوز) حکومتِ سندھ کی ترجمان سعدیہ جاوید نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف ہرزہ سرائی پر ردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کے متعلق تاجروں کی بات بیانیہ بنا کر پیش کرنا بددیانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاپلوس کی بات کو باشعور تاجر کمیونٹی کسی صورت بیانیہ نہیں کہہ سکتی، سنجیدہ سیاستدان، ذمہ دار وزیر کسی فضول بات کو برداشت نہیں کرتا۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ تاجروں کا مخصوص ٹولا سازش کے تحت سندھ کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے، تاجروں کا مخصوص ٹولہ فورمز پربزنس کے علاوہ ہر چیز پر بات کرتا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ نہ عاقبت اندیشوں سے گزارش ہے کہ جمہوریت شطرنج نہیں، کسی مہرے کو ایک جگہ سے اُٹھا کے دوسری جگہ رکھ دیا جائے، خوشامدی سے رٹا لگائی بات کہلوانے سے حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں، مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجر دوست صوبہ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے خطے کے لیے رول ماڈل ہیں، سندھ کی عوامی حکومت، تاجر صوبے، ملک کی خوشحالی کے لیے ایک پیج پرہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ متنازعہ نہروں کے معاملے پر دوٹوک موقف پر مراد علی شاہ کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں، پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں، دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔