چینی سرمایہ کاروں کا عدالت سے رجوع، وزیرداخلہ سندھ کا نوٹس، انکوائری کا حکم

Published On 25 January,2025 12:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے معاملہ پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آئی جی سندھ کو انکوائری کی ہدایت کر دی اور سنیئر پولیس افسر کو انکوائری افسر نامزد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت ایس او پی کے تحت چینی شہریوں کی سکیورٹی کی پابند ہے، چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اورسندھ پولیس کا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو باہم روابط کے تحت سہولت اور سیکورٹی فراہم کرنا ہے، نان سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی شہریوں کو سکیورٹی فراہم کرنا سندھ پولیس اورمقامی سپانسرز کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کے سکیورٹی اقدامات میں کمی یا خامیوں کوچیک کیا جانا وقت کا تقاضا ہے، سکیورٹی گیپس کو ختم کرنے کے لئے قانون اورایس او پی کے تحت اقدامات کئے جائیں، چینی سرمایہ کاروں کو ایس او پی کے تحت محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔