کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کی جانب سے جلد ماحول دوست ای وی ٹیکسی لانچ کرنے اور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای وی ٹیکسیز لانچ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، سندھ کے بڑے شہری اور دیہی علاقوں میں ایک مضبوط ای وی چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جدید، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو متعارف کرانا ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنز کی نگرانی کے لیے ایک ریگولیٹری ادارہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ٹیکسی فلیٹ کی موثر نگرانی اور انتظام کرنے کے لیے ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تیار کیا جائے گا، ای وی ٹیکسیز میں انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز، جدید ادائیگی کے نظام اور جدید ترین سکیورٹی سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی چارجنگ نیٹ ورک کا بنیادی ڈھانچہ ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشن اور ترقی میں معاونت کے لیے اہم ہوگا، ای وی ٹیکسی سروس سندھ میں جدید ترین ماحول دوست ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ماحولیات کو تحفظ کے ساتھ مقامی کاروباروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے نئے مواقع پیدا ہونگے، معاشی ترقی کو فروغ ملے گا، ہمارا مقصد سندھ کو پورے پاکستان میں گرین ٹرانسپورٹ سلوشنز میں پائنیئر بنانا ہے۔
سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ای وی ٹیکسی کی تیاریوں میں تیزی لائی جائے، انفراسٹرکچر، قانونی فریم ورک ،سہولت کو یقینی بنایا جائے۔