حکومت عوام کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن چکی: مفتاح اسماعیل

Published On 19 January,2025 06:05 pm

لاڑکانہ :(دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ اور سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے لیے رحمت کی بجائے زحمت بن چکی ہے۔

لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک میں چالیس فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں، دو کروڑ 65 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، سندھ کو وفاق سے ملنے والے اربوں روپے کہاں جاتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام صابن، گھی اور دیگر اشیاء پر اپنی جیب سے 25 فیصد ٹیکس ادا کرتے ہیں، عوام کو حکومت سے کوئی فائدہ نہیں، حکومت عوام کے لے رحمت کی بجائے زحمت بن چکی ہے، جب میں وزیر خزانہ تھا تو انکم ٹیکس 15 فیصد کیا جو اب بڑھ کر 49.50 ہو چکا ہے۔

سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس سری لنکا، انڈونیشیا، ملائشیا، ساؤتھ افریقہ، کینیا، ایتھوپیا سے بھی مہنگی ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں نیب، نیب کھیل کر سیاست کی اور اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جو سزا ہوئی ہے وہ ٹھیک ہے، بشری بی بی کو سزا دینا سمجھ سے بالاتر ہے ان کے پاس حکومتی عہدہ نہیں تھا، پی ٹی آئی بیرونی ملک سے لابنگ اور دوسری جانب حکومت سے مذاکرات بھی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امريکا کا مثبت عمل دخل نہیں رہا، امريکا چاہے تو ہمیں آئی ایم ایف کے قرضوں سے نکلوا سکتا ہے، سندھ میں 18 سال سے پی پی، 13 سال سے پنجاب میں ن لیگ اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن حکومتوں کو عوام کا کوئی اداراک نہیں۔

سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی حکمرانی ناکام ہو چکی ہے، ن لیگ کو چاہیے تھا کے 8 فروری کے عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتی، ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کے عام اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔