شکارپور:(دنیا نیوز) اندرون سندھ کے علاقے شکارپور میں ڈاکوؤں کی گاڑی پر فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر، اہلیہ زخمی ، دو سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رستم تھانے کی حدود مرزا کینال انڈس ہائی وے پر پیش آیا ، جہاں ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے،ملزموں نے ویگو ڈالہ کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گولیاں لگنے سے سابق صوبائی وزیر میر غالب خان ان کی بیوی زخمی، دو سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
جاں بحق گارڈز کی شناخت سالار ڈومکی اور مہر علی ڈومکی اور مرنے والے ڈاکو کی شناخت نادر میرانی کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے مرنے والوں کی لاشیں مقامی ہسپتال اور زخمی سابق صوبائی وزیر میر غالب خان اور ان کی اہلیہ کو تشویشناک حالت میں سکھر منتقل کردیا۔
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا، پولیس کا کہنا تھا مزید ڈاکوؤں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔