رحیم یار خان: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے کچے کے علاقے میں کارروائی کر کے شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلہ کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت بیرعرف بشو سر کے نام سے ہوئی ہے، اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے شر، اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر بچاؤ بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی، ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر کیفر کردار تک پہنچا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو ظاہر پیر میں 4 معصوم شہریوں کے قتل، سانحہ ماچھکہ میں 12 جبکہ 2023 میں 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا، ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو نے گزشتہ دنوں پولیس پر حملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔