کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں خاتون کی گلے میں پھندا لگی تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی۔
نارتھ کراچی محمد شاہ قبرستان کے قریب مقتولہ کے شوہر نے کچھ روز قبل مذکورہ مکان کرایے پر لیا تھا جبکہ شوہر منظرعام سے غائب ہے، پولیس نے مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کی شناخت 28 سالہ ثمینہ کے نام سے ہوئی ہے مقتولہ کی لاش تقریباً 5 دن پرانی ہونے کی وجہ تعفن زدہ ہوگئی تھی جس کی وجہ سے لوگوں نے پولیس کو بتایا اور جب پولیس مکان میں گئی تو خاتون کی لاش پڑی ملی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتولہ کے پہلے شوہر ایاز کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد مقتولہ نے طارق نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی، واقعہ کے بعد شوہر منظرعام سے غائب ہے اور اس کے سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکان مالک سے بھی پولیس اس حوالے سے معلومات حاصل کر رہی ہے جبکہ مقتولہ کے شوہر کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے، پولیس نے بتایا کہ مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔