اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاک چین سرمایہ کاری مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک کے مابین معاہدے کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، کلین انرجی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے دونوں ممالک نے پاک چین تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور سی پیک کے تحت علاقائی رابطوں کو فروغ دے کر مشترکہ ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرنے کا عہد کیا۔
پاکستان اور چین نے عالمی سطح پر تعاون بڑھانے کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا، پاکستان نے چین سے سرحدی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی و آلات خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاک چین سرمایہ کاری میں اضافہ ملکی معیشت کے استحکام کا ضامن ہوگا۔