ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے: پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن

Published On 14 March,2025 07:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔

ترجمان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی قلت کے حوالے سے افواہیں پھیلا کر مفاد پرست عناصر ملک میں ہیجان پیدا کر رہے ہیں۔

کریانہ مرچنٹس، سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز بے سروپا باتیں پھیلا کر شوگر انڈسٹری کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ملک میں دوسری صنعتوں کی طرح شوگر انڈسٹری کو بھی فری کام کرنے دیا جائے ، شوگر سیکٹرکو مکمل ڈی-ریگولیٹ کر کے فری مارکیٹ کی سہولت دی جائے۔

رواں کرشنگ سیزن میں گنے کا ریٹ 400 سے 750 روپے فی من تک کسانوں کو دیا گیا ہے رواں سیزن گنے کی ریکوری کم ہوئی ہے اور چینی کے پیداواری اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گنا پاکستان کی واحد فصل ہے جس نے کسانوں کو معاشی طور پر بچایا ہے۔