لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس پھر بے نتیجہ ختم، نئے سی ای او کا انتخاب نہ ہوسکا

Published On 05 April,2025 01:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس پھربے نتیجہ ختم ہوگیا، تیسری بار بھی نئے سی ای او کا انتخاب نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر توانائی نے لیسکو میں سربراہ تعینات نہ کرنے پر بورڈ چیئرمین سے ناراضگی کا اظہار کیا۔

ذرائع وزارت پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ 1200 ارب روپے ریونیو اکٹھا کرنے والی کمپنی کے بورڈ کی عدم دلچسپی مایوس کن ہے، بورڈ فوری نئے چیف ایگزیکٹو کا نوٹیفکیشن جاری کرے، بورڈ اگر افسران میں سے سربراہ کا فیصلہ نہیں کر پا رہا تو باقی کام کیا کرے گا۔

یاد رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر گزشتہ روز ریٹائرڈ ہوگئے، اس وقت لیسکو بغیر سربراہ کے کام کر رہا ہے، کمپنی رولز کے مطابق ان کی ریٹائرمنٹ پر چارج کسی سینئر آفیسر کو دیا جانا تھا۔

لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے گزشتہ روز اجلاس بلایا گیا تھا، اجلاس رات 7 بجے تک جاری رہا مگر سی ای او کا چارج کسی آفیسر کو نہیں دیا گیا، ذرائع کے مطابق سی ای او کی تعیناتی نہ ہونے سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ بورڈ گزشتہ 3 ماہ سے سی ای او کی تعیناتی پر کام کر رہا ہے، لیسکو میں 2 دفعہ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ اور فائنل انٹرویوز کے بعد بھرتی کا عمل منسوخ کر دیا گیا تھا۔

سی ای او کی بھرتی کیلئے تیسری بار اشتہار جاری ہو چکا ہے، کمپنی کا سربراہ نہ ہونے کے باعث افسران بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، بورڈ کئی میٹنگز ہونے کے بعد بھی موجودہ افسران میں سے کسی کا انتخاب نہیں کرسکا۔