چین کا 10 اپریل سے امریکی اشیا پر 34 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان

Published On 04 April,2025 05:14 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف عائد کرنے پر چین نے بھی 10 اپریل سے امریکی اشیا پر 34 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا۔

چینی وزارت تجارت کے مطابق چین کی جانب سے ٹیرف کا اعلان ٹرمپ کے اقدام کے جواب میں کیاگیا، امریکا کا یہ اقدام یکطرفہ غنڈہ گردی ہے، برآمدی کنٹرول کے نفاذ کا مقصد قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ بیجنگ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے بجائے سخت جواب دے گا۔

دوسری طرف چین نے امریکی ٹیرف میں اضافے پر عالمی تجارتی تنظیم میں مقدمہ دائر کر دیا ہے، چینی وزارتِ تجارت کے مطابق ڈبلیو ٹی او تنازعات کے تصفیہ کے طریقہ کار کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

یاد رہے امریکا نے ٹیرف جنگ کو دنیا بھر میں پھیلا دیا اور یورپی یونین سمیت سو ملکوں پر بھاری ٹیکس عائد کر دیا تھا، جس میں پاکستان سمیت 25 ملکوں پر جوابی ٹیرف لگایا گیا۔