اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کے تعاون سے منعقد کیے گئے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شمولیت کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کے اکابرین کی آمد جاری ہے۔
سعودی گولڈ ریفائنری کے ڈپٹی چیئرمین فیصل سلیمان الاُثَیم اسلام آباد پہنچ گئے، "سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ" کے ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ، عبدالسلام عبداللہ بھی اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔
سعودی جیولوجیکل سروے کے سی ای او، عبداللہ مُفتر الشمرانی بھی اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، فن لینڈ کی کمپنی "میٹسو" کے وائس پریزیڈنٹ مِکّو سوری بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جو اپنے وفد کے ہمراہ فورم میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکا کا معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کا اقدام
سعودی عرب کی وزارت برائے صنعت و معدنی وسائل کے ڈائریکٹر آف مائننگ انویسٹمنٹ احمد اید الثُبَیتی پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
امریکہ، یورپ، ایشیا، روس، ترکی، اور مشرق وسطہ سمیت متعدد ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام، بین الاقوامی کمپنیوں کے اکابرین اور دانشور بڑی تعداد میں پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کے لئے پاکستان آ رہے ہیں۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 مورخہ 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گا۔
فورم کے دوران تمام مہمانان گرامی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے استوار کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر یاداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔