ایف بی آر کا چینی کی قیمت کے حساب سے درست سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

Published On 08 April,2025 09:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چینی کی قیمت کے حساب سے درست سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

شماریات بیورو کی 15 یوم کے مطابق کم سے کم قیمت پر سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا، چینی پر سیلز ٹیکس کی درست قیمت کیلئے ایف بی آر نے آسان طریقہ کار طے کر دیا، اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شوگر ملز سے شماریات بیورو کی 15 یوم کی قیمت کے حساب سے سیلز ٹیکس ہو گا، سیلز ٹیکس عائد کرنے کیلئے شوگر ملز اور ایف بی آر کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے۔

شماریات بیورو کی جانب سے ملک بھر میں ہفتہ وار چینی کی قیمت کو مانیٹر کیا جائے گا، شماریات بیورو کی رپورٹ کے مطابق شہر میں کم سے کم ریٹ پر سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق چینی کی قیمت مقرر کرنے کا مقصد سیلز ٹیکس وصولی یقینی بنانا ہے، چینی کی اوسط قیمت ہر 15 دن بعد چیک کر کے مقرر ہوا کرے گی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ادارہ شماریات کی رپورٹ میں درج قیمت سے 16 روپے فی کلو کم پر ریٹ مقرر ہو گا، چینی کی یہ قیمت سیلز ٹیکس کی وصولی کیلئے متعین ہوا کرے گی۔