اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں ردو بدل کی تجویز منظور کر لی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا جس میں انکم ٹیکس تجاویز کی شق وار منظوری پر غور کیا گیا جب کہ کمیٹی نے تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں ردو بدل کی تجویز منظور کر لی۔
قائمہ کمیٹی خزانہ نے 6 لاکھ سے 12 لاکھ سالانہ آمدن پر انکم ٹیکس 2.5 فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کرنے کی تجویز منظور کر لی، اسکے علاوہ کارپوریٹ سیکٹر پر سپر ٹیکس میں 0.5 فیصد کمی کی تجویز بھی منظور کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی تھی اور اس سے قبل 6 سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح 2.5 فیصد تجویز کی گئی تھی جو گزشتہ مالی سال میں 5 فیصد تھی۔