ایس آئی ایف سی کی معاونت سے آئی ٹی اور ٹیلی کام میں بڑے سنگ میل عبور

Published On 07 July,2025 10:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے دوسرے سال میں پاکستان کو آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں نمایاں اور تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی، سہولت کاری اور قیادت کی بدولت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچنے میں مدد ملی۔

رپورٹ کے مطابق آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے عالمی سطح کی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی جس سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی انفراسٹرکچر مزید مستحکم ہوا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی اہمیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہوا۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ملک بھر میں 2 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز کی ٹریننگ دی گئی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے، ساتھ ہی ساتھ فری لانسرز اور بین الاقوامی لین دین کے لیے نئی راہیں بھی ہموار ہوئیں۔

عالمی سطح پر سٹارٹ اپس تک رسائی، جدید آئی ٹی پارکس کی تعمیر اور سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی ایس آئی ایف سی کی ان کوششوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کروایا۔

ایس آئی ایف سی کی زیر قیادت ہونے والی انقلابی تبدیلیوں اور کامیاب اقدامات کو ماہرین، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے, یہ اقدامات نہ صرف معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں بلکہ نوجوانوں کو عالمی منڈی سے جوڑنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔