تھرپارکر: (دنیا نیوز) تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں بارش کے باعث اچانک آنے والے ریلے نے سیاحت کیلئے آئے افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں ایک سیاح جان کی بازی ہار گیا، جبکہ دیگر 10 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
گزشتہ روز طلحہ نامی سیاح پہاڑی علاقے میں بارش کے باعث ڈیم میں پھنس گیا تھا، مسلسل کوششوں کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیم نے آج طلحہ کی نعش کو ڈیم کے پانی سے نکال لیا۔
پولیس کے مطابق طلحہ کا تعلق کراچی کے علاقے گارڈن سے تھا۔
واقعے کے دوران مجموعی طور پر 11 سیاح پانی میں پھنس گئے تھے، جن میں سے 10 افراد کو ایک گھنٹے کی کارروائی کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو کئے گئے سیاحوں میں تین کا تعلق کراچی اور سات کا مٹھی سے بتایا گیا ہے۔
پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے مقامی افراد کی مدد سے کارروائی مکمل کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو قدرتی مقامات پر بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔