لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری ہے، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔
جڑواں شہروں میں بھی 130 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔
موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی، جبکہ نالہ لئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں الرٹ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ تعینات ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، بلوچستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب کہوٹہ میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔