2 تا8 جولائی مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری

Published On 02 July,2025 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 تا 8 جولائی 2025 کے دوران مختلف علاقوں کے لیے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں 5 تا 8 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ، منسلکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پید ا ہونے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں گلیشائی جھیلیوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب GLOF، لینڈ سلائیڈنگ سمیت نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

الرٹ کے مطابق لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شہری سیلاب جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور نارووال کے نالوں بشمول ایک، دیگ، بیئن اور پلکھو میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا محتاط رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔