سیلابی صورتحال: کے پی حکومت نے امدادی اشیا پہنچانے کیلئے ڈرون حاصل کر لیا

Published On 01 July,2025 07:59 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کے پی حکومت نے ہنگامی سیلابی صورتحال میں ریسکیو میں مدد کے لئے لائف جیکٹس، رسیاں اور دیگر اشیاء پہنچانے کے لئے ڈرون حاصل کرلیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کو ڈرون کی مشق دکھائی گئی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ رسپانس پلان کا ازسر نو جائزہ لیا ہے، ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم تیز تر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شہاب علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے پر بھی کام جاری ہے، لوکل کمیونٹی کو ایمرجنسی ریسپانس کے لئے تیار کرنے پر تربیت دی جائے گی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر تمام ہوٹلوں کو پابند کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے پاس کشتیاں، رسیاں، لائف جیکٹس جیسے آلات کی دستیابی یقینی بنائیں۔

شہاب علی شاہ نے کہا کہ وارننگ سسٹم کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں،  ریلیف pulse  موبائل ایپ اور سوشل میڈیا الرٹ متعارف کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ وارننگ اور رسپانس کے لئے ڈیش بورڈ بھی بنایا جارہا ہے۔