اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش، رین ایمرجنسی نافذ

Published On 01 July,2025 05:24 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی، سیالکوٹ، ہری پور، وزیر آباد اور کالا باغ میں بھی بادل برس پڑے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق شدید بارش کے خدشے کے پیش نظر واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی، ترجمان واسا کے مطابق ادارے کا فیلڈ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ مختلف مقامات پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ بارش کی شدت کے پیش نظر نالہ لئی کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاہم فی الحال پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، انہوں نے کہاکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو خطرے کی سطح سے نیچے ہے تاہم ادارہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری واسا کی ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش پی ایم ڈی کے مقام پر جبکہ 38 ملی میٹر شمس آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے۔