اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم نے کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید کی بے مثال بہادری، جرأت اور قربانی کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرأت اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرأت و عزم کی روشن مثال ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے، شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی، دشمن کے حملے حوالدار لالک جان شہید کے حوصلے پست نہ کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، افواج پاکستان کے شہداء اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا گلگت بلتستان کے عظیم سپوت کو سلام عقیدت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی گلگت بلتستان کے عظیم سپوت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے بے مثال جرات سے دفاع وطن کا روشن باب رقم کیا، لالک جان کی داستان شجاعت رہتی دنیا تک قوم کا فخر اور تاریخ کا اثاثہ رہے گی، دشمن کے سامنے سینہ سپر رہنے والا یہ سپاہی مادرِ وطن کی سرحدوں کا ناقابل فراموش نگہبان بن کر ہمیشہ کیلئے امر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مورچوں پر جا کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے اس جوان نے بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی، دشمن کی شدید گولہ باری میں زخمی ہونے کے باوجود مورچہ نہ چھوڑنے والے اس بلند حوصلہ سپاہی نے ثابت قدمی کی ایسی مثال قائم کی جو تاریخ کے سینے پر ہمیشہ نقش رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی یلغار کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والا لالک جان آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے، جنگی تاریخ میں وہ سپاہی نایاب ہوتے ہیں جن کے قدموں سے وفا، جرات اور قربانی کی خوشبو پھوٹتی ہو اور لالک جان انہی لازوال سپاہیوں میں سے ایک تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ لالک جان کی بے مثال دلیری نے ثابت کیا کہ قومیں شہیدوں کے جذبے سے جنگیں جیتتی ہیں، نشانِ حیدر کا یہ عظیم وارث پاکستان کے عسکری وقار، قومی خودمختاری اور استحکام کی تابندہ علامت ہے، لالک جان شہید قوم کا ہیرو ہے اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا، قوم کا سلام ہے اس جوانمردی کو جس نے شجاعت کی آخری حد چھو کر جام شہادت نوش کیا۔