اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حق کا راستہ کٹھن مگر دائمی فلاح کا ذریعہ بنتا ہے، اگر ہم کربلا کی روشنی میں اپنا راستہ طے کریں تو پاکستان فلاحی اور خوددار ریاست بن سکتا ہے۔
یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں صبر، قربانی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی عظیم مثال عطا کرتا ہے، میدانِ کربلا کا معرکہ کوئی عام معرکہ نہیں بلکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے اپنے خاندان، رفقاء کے ہمراہ سچائی اور دین کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، امام عالی مقام کا پیغام صرف اُن کے زمانے تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر پیغام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی قومی زندگی میں دیانت، برداشت، صبر، قربانی اور اصول پسندی کو جگہ دینا ہوگی۔