پی آئی اے کی نجکاری کے لئے 4 سرمایہ کار ادارے پری کوالیفائی قرار

Published On 08 July,2025 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجکاری کمیشن بورڈ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے 4 سرمایہ کار ادارے پری کوالیفائی قرار دے دیئے گئے، نجکاری کمیشن بورڈ کے 237 ویں اجلاس میں 4 انویسٹرز کی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق پری کوالیفائی ادارے پی آئی اے کی تفصیلی جانچ کے مرحلے میں داخل ہوں گے، بورڈ اجلاس نے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کا ماڈل بھی منظور کر لیا، سی سی او پی نے جوائنٹ وینچر ماڈل کی منظوری دے دی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق فروخت، لیز اور جوائنٹ وینچر ماڈلز پر غور کے بعد فیصلہ ہو گا، جوائنٹ وینچر ماڈل سے ملک کو طویل المدتی فائدے کی توقع ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق نجکاری بورڈ کی جانب سے شفاف، مارکیٹ پر مبنی اور سرمایہ کار دوست پالیسی عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔