صنعت سے سیاحت تک، ایس آئی ایف سی کے اقدامات سے ترقی کی نئی راہیں ہموار

Published On 09 July,2025 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے دو برس مکمل ہونے پر پاکستان کی معاشی، صنعتی اور سیاحتی ترقی سے متعلق ایک خصوصی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں اور پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، اداروں اور حکومتوں کے ساتھ اشتراک سے پاکستان نے ترقی کے کئی نئے باب رقم کیے ہیں۔

صنعت و برآمدات: عالمی ویلیو چین میں شمولیت
ایس آئی ایف سی کی سرپرستی میں پاکستان میں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے قیام سے عالمی ویلیو چین میں شمولیت کی راہ ہموار ہوئی ہے جبکہ کولڈ چین لاجسٹکس کے شعبے میں نیشنل لاجسٹکس سیل نے ریفریجریٹڈ کنٹینرز سروس متعارف کرا کر اہم پیشرفت کی ہے۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کے لیے توانائی سبسڈی میں کمی، بہتر پالیسی سازی اور ایل ایس ایم انڈیکس میں بہتری لانے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ صنعتی برآمدات بڑھانے کے لیے امریکا اور پی ای ایل جیسے شراکت داروں کے ساتھ اشتراک بھی کیا گیا۔

سرمایہ کاری اور خصوصی اقتصادی زونز
سرمایہ کاری کے میدان میں ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے پاکستان میں سالانہ 41 فیصد ایف ڈی آئی یعنی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں صرف معدنیات، مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبوں میں 1.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے ذریعے برآمدات میں اضافہ اور 2028 تک 5 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔

الیکٹرک وہیکل اور پائیدار ترقی
بی وائے ڈی اور دیگر عالمی صنعتی اتحاد کے اشتراک سے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس سے پائیدار نقل و حمل کے شعبے میں انقلاب متوقع ہے۔

سیاحت کا فروغ: انفرااسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور روزگار
سیاحتی ترقی کے حوالے سے ٹھنڈیانی، گانول اور سندھ میں تھیم پر مبنی سیاحتی زونز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 44 گیسٹ ہاؤسز کی بحالی سے 4000 سے زائد مقامی افراد کو روزگار ملا۔

سیاحتی خدمات کی موبائل ایپ کے ذریعے مقامی گائیڈز اور سہولیات تک آسان رسائی کو ممکن بنایا گیا ہے جبکہ 126 ممالک کے لیے ویزا آن آرائیول اور جی سی سی ممالک کے لیے ویزا فری انٹری سے بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے۔

برلن میں 2025 کے عالمی آئی ٹی بی ایونٹ میں شرکت سے پاکستان کی عالمی سیاحتی شناخت کو تقویت ملے گی۔

نجکاری اور توانائی اصلاحات: شفافیت اور رفتار
ایس آئی ایف سی نے نجکاری کے شعبے میں بطور ٹرانزیکشن ایڈوائزر شمولیت اختیار کر کے پی آئی اے، ڈسکوز اور دیگر غیر تذویراتی اداروں کی نجکاری میں شفافیت اور تیزی متعارف کرائی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر غیر ضروری اداروں کی نجکاری کے لیے واضح پالیسی اور اعلیٰ سطحی نگرانی کو ممکن بنایا گیا ہے۔

ڈسکوز کی نجکاری اور اصلاحات کے لیے کابینہ کمیٹی، بین الوزارتی ورکنگ گروپ اور ون ونڈو اپروول سسٹم قائم کیے گئے ہیں جبکہ دوست ممالک کے ساتھ توانائی معاہدوں کی منظوری بھی ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے تحت دی گئی ہے۔

ترقی کی جانب گامزن پاکستان
ایس آئی ایف سی کی بدولت پاکستان نہ صرف معاشی و صنعتی میدان میں اہم سنگ میل عبور کر رہا ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے، اس مربوط حکمت عملی سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں، برآمدات کو تقویت مل رہی ہے اور پاکستان ترقی کی ایک نئی سمت کی جانب رواں دواں ہے۔