لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی معروف بین الاقوامی ترقیاتی ماہر مارک میک کارڈ کی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں سکلز ڈویلپمنٹ ، لیبر ، انٹرپرینیورشپ اور ایس ایم ایز میں جدید رجحانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی اور انسانی وسائل کے موثر استعمال کے لیے اشتراک پر اتفاق رائے کیا گیا۔
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں پنجاب کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب پاکستان کی خام ملکی پیداوار کا 54 فیصد سے زائد انحصار پنجاب پر ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ نیشنل ورک فورس کا بڑا حصہ بھی پنجاب سے متعلق ہے، موجودہ حکومت صنعت و زراعت میں جدید رجحانات کا خیر مقدم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ماحولیاتی تحفظ کی فراہمی کے صنعت و مواصلات میں ماحول دوست ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں 18 سے زائد انڈسٹریل زون قائم کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب گارمنٹس سٹی کا قیام موجودہ حکومت کا فقید المثال منصوبہ ہے جہاں چائنا اور سعودیہ جیسے ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مزید کہا کہ چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، سکلز ڈویلپمنٹ کے لیے باقاعدہ ایک محکمہ کام کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ پسماندہ طبقہ کی فنی تربیت اور بین الاقوامی سطح کی ورک فورس کی تیاری پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب لیبر فورس کی تیاری میں بین الاقوامی ماہرین کی دلچسپی خوش آئند ہے، مارک میک کارڈ جیسے ماہرین کی قیادت باعث اعزاز ہے۔