پی آئی اے نجکاری: ابتدائی طور پر 80 ارب روپے ریزرو پرائس رکھنے کا تخمینہ

Published On 14 July,2025 05:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ابتدائی طور پر 80 ارب روپے سے زائد کی ریزرو پرائس رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ریزرو پرائس کی حتمی منظوری کمیٹی کی جانب سے لی جائے گی، گزشتہ بڈنگ کی سطح پر ریزرو پرائس پی آئی اے کی موجودہ صورتحال کے باعث رکھنا پڑ سکتی ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نئے بزنس پلان کیلئے منظوری دے دی گئی، نیا بزنس پلان رواں ہفتے کے دوران ہی چاروں کنسورشیم کیساتھ شیئر کر دیا جائے گا، نئے بزنس پلان کو چار کنسورشیم کیساتھ شیئر کیا جائے گا جس پر عملدرآمد کرنا ضروری ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو فلیٹس کی تعداد 19 سے بڑھا کر 40 تک کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے گزشتہ بڈنگ کے بزنس پلان کو تبدیل کیا گیا ہے، نجکاری کمیشن نئے بزنس پلان میں پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد کم کر کے 6800 دی گئی ہے۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن کے مطابق کل سے پری کوالیفائیڈ پارٹیوں کو ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی، چار منتخب پری کوالیفائیڈ پارٹیز کو قانونی امور سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

پی آئی اے کی نجکاری اس سال کی آخری سہ ماہی میں کر دی جائے گی، پی آئی اے نجکاری کیلئے کسی بین الاقوامی بڈر نے دلچسپی کی درخواست نہیں دی، مقامی پری کوالیفائیڈ پارٹیز کے پاس یہ استعداد ہے کہ یہ پی آئی اے کو چلا سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی پی آئی اے خریدنے کی بات کی تھی اس کا کیا ہوا؟ جس پر سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شاید ایئر پنجاب کے نام سے اپنی ایئر لائن لانا چاہتی ہیں۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پی آئی اے نجکاری سے ملنے والی رقم کا 15 فیصد شیئرز حکومت اپنے پاس رکھے گی، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ملازمین کو فوری فارغ کرنے کی بجائے 3 سے پانچ سال کا عرصہ دیا جائے۔