اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثہ جات کی فروخت بارے قانونی پہلوؤں کے جائزہ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سکیم دے کر یوٹیلیٹی سٹورز کو 31 جولائی تک بند کرنے کا فیصلہ، یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش اور نجکاری پر وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزارت خزانہ کے مطابق ملازمین کیلئے منصفانہ اور مالی طور پر قابل عمل وی ایس ایس پر تفصیلی غور کیا، اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثہ جات کی فروخت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے قانونی و آپریشنل پہلوؤں کے جائزے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دے دی، سب کمیٹی رواں ہفتے وی ایس ایس پلان پر رپورٹ پیش کرے گی۔
کمیٹی کی سفارشات مکمل ہونے پر وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، کمیٹی کو یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش اور ملازمین کیلئے وی ایس ایس پلان بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 31 جولائی تک یوٹیلیٹی اسٹورز کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت ہے۔