اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نےاعلان کیا ہے کہ آج کہیں کوئی ہڑتال نہیں ہو گی۔
وفاقی دارالحکومت میں خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کے چیمبرز ہڑتال نہ کرنے کے معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں، کچھ دوست ناراض ضرور تھے تاہم آج کی میٹنگ کے بعد وہ بھی ہمارے ساتھ متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا کام بزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہے، حکومت نے اجلاس میں بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو بہت اچھے طریقے سے سنا ہے، حکومت نے بزنس کمیونٹی سے مشاورت کے بعد فنانس بل اور سیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ہے، حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تمام مطالبات کو تسلیم کیا ہے، اجلاس کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ آج کے اجلاس کے فیصلوں کے بعد ملک بھر میں کل کہیں کوئی ہڑتال نہیں ہو گی، کا اعلان اگر کسی ایک بندے نے احتجاج کی کال دی ہے تو انفرادی حیثیت میں دی ہو گی، بزنس کمیونٹی سے اس کال کا تعلق نہیں۔