غازی بروتھا منصوبہ زیر التوا، اسلام آباد کو پانی کی فراہمی میں 50 فیصد کمی

Published On 17 July,2025 11:52 am

اسلام آباد: (مریم الہٰی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت کے باعث شہریوں کے لیے فراہمی آب میں پچاس فیصد کمی واقع ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت میں اس وقت یومیہ 120 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے جبکہ 65 سے 80 ملین گیلن پانی میسر ہے، اس کے باوجود غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبہ 20 سال گزرنے کے باوجود شروع نہیں ہو سکا۔

غازی بروتھا واٹر سپلائی منصوبے کے تحت دریائے سندھ سے روزانہ 200 ملین گیلن پانی جڑواں شہروں تک پہنچایا جانا تھا، حکومت اب تک اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کے لیے کسی کمپنی کو فائنل نہیں کر سکی۔

اس منصوبے کے مطابق غازی بروتھا سے سنگجانی تک پانی پائپ لائن کے ذریعے فراہم کیا جانا تھا مگر منصوبہ شروع نہ ہونے کے سبب پانی کی شدید قلت کے باعث اسلام آباد کے کئی سیکٹرز میں شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔