اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں کے کچھ علاقوں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف کمشنر راولپنڈی، ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کر لی، اجلاس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔