ملک بھر میں بارشوں سے 124 افراد جاں بحق، 264 زخمی ہوگئے

Published On 16 July,2025 10:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے مون سون بارشوں کے نقصانات بارے رپورٹ جاری کر دی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں 124 افراد جاں بحق جبکہ 264 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 49 افراد جاں بحق، 158 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 28 بچے بھی شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 38 اموات، 57 زخمی ہوئے، سندھ میں 20 افراد جاں بحق، 40 زخمی ہوئے، بلوچستان میں 16 اموات، 4 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، بارشوں سے سب سے زیادہ اموات بچوں کی ہوئیں۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں سے مجموعی طور پر اب تک 522 گھروں کو نقصان پہنچا، 367 گھروں کو جزوی جبکہ 155 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث 9 پل بھی متاثر ہوئے، ساڑھے 10 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا، بارشوں میں 126 مویشی بھی بہہ گئے۔