پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

Published On 15 July,2025 09:28 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ لاہور سمیت دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو حالیہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں تیز بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارش اور آندھی کے باعث مخدوش اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا شہری محفوظ مقامات پر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر توجہ دیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔