پنجاب میں پہلی بار بارش کو خودکار پیمانے سے ماپنے کا فیصلہ

Published On 13 July,2025 02:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پہلی بار بارش کو خودکار پیمانے سے ماپنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کے مطابق پنجاب میں پہلی بار بارش کو خودکار پیمانے سے ماپنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس حوالے سے واسا کی تمام ایجنسیوں کو آٹومیٹک رین گیج استعمال کرنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

آٹومیٹک رین گیج اضلاع میں مناسب مقامات پر نصب کئے جائیں گے، مینوئل پیمانے سے ڈیٹا میں غلطی کا خدشہ اور زیادہ وقت درکار ہوتا ہے، واسا کی ایجنسیاں7 دن کے اندر فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق بارش کو ماپنے کیلئے مینوئل طریقہ رائج تھا جسے مکمل طور پر تبدیل کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فیلڈ میں لایا جائے، نوجوان انجینئرز کو انٹرنشپ پر فیلڈ میں لائے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں جمعرات کو 8 گھنٹے میں 136 ملی میٹر بارش کے تاریخی سپیل نے تباہی مچا دی تھی۔