ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان کا الرٹ جاری

Published On 10 July,2025 07:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے اگلے 12 گھنٹے کے دورن ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان کا الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلوف کا خطرہ بڑھ گیا، ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا، جی بی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو نگرانی کی ہدایت کر دی گئی ہے، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر میں موسلادھار متوقع بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ متوقع ہے۔