موسلادھار بارشیں: مریم نواز کا تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

Published On 08 July,2025 11:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا، پی ڈی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے انتظامیہ اور واسا کے افسران کو خود فیلڈ میں نکل کر نکاسی آب کے اقدامات کی نگرانی کا حکم دیا جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک پلان جاری کرنے اور شہریوں کو متبادل راستوں سے بروقت آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی وجہ سے عوام کو پیش آنے والی دشواریوں کا فوری ازالہ کیا جائے اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔