نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز 10 فیصد تک محدود رکھے جائیں: آئی ایم ایف

Published On 29 August,2025 12:45 pm

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) آئی ایم ایف نے شفافیت بڑھانے کے لیے نئے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز 10 فیصد تک محدود رکھنے کا مطالبہ کر دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کا قرت العین مری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارت منصوبہ بندی حکام کی جانب سے پی ایس ڈی پی سے متعلق سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف نے صرف ترجیحی منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت کی، آئی ایم ایف نے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر بنانے کیلئے مختلف سفارشات دی ہیں۔

سیکرٹری پلاننگ کے مطابق رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ میں قومی اہمیت کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے، نئے بجٹ میں نئے منصوبوں کے لیے صرف دو فیصد فنڈز مختص کیے گئے۔

وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 2518 ارب روپے مالیت کے 344 منصوبے مکمل یا بند کیے گئے، تھرو فارورڈ منصوبوں کی مالیت میں 2160 ارب روپے کمی آئی ہے۔