سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات: ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں بڑا اضافہ

Published On 05 September,2025 04:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں بڑے پیمانے پر سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات آنا شروع ہو گئے، ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہی مہنگائی کی شرح 1 اعشاریہ 29 فیصد بڑھ گئی، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 5 اعشاریہ 07 فیصد پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء ضروریہ مہنگی،صرف 4 کی قیمتیں کم ہوئیں، مہنگی ہونے والی اشیاء میں سب سے زائد فوڈ آئٹمز شامل ہیں، مسلسل چوتھے ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مزید مہنگا ہو گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا 464 روپے 94 پیسے مہنگا ہوا، ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 2294 روپے 62 پیسے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 64 روپے 65 پیسے، پیاز 6 روپے 32 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، باسمتی چاول 5 روپے 45 پیسے، لہسن 8 روپے 3 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ 4 روپے 89 پیسے، دال چنا 3 روپے 11 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، حالیہ ہفتے دال مسور 1 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 26 روپے 23 پیسے، بیف 3 روپے 6 پیسے، مٹن 48 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں صرف 4 اشیاء سستی ہوئیں، کیلے 5 روپے 96 پیسے فی درجن، چینی 23 پیسے فی کلو سستی ہوئی، حالیہ ہفتے 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔