اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام سیلز ٹیکس رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے لیے جدید ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان اپنی انوائسنگ سسٹمز کو لائسنس یافتہ انٹیگریٹرز کے ذریعے ایف بی آر کے پورٹل سے منسلک کر سکتے ہیں جبکہ اس وقت پرال (PRAL) کی جانب سے انضمام کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
انضمام کے بعد سسٹم خودکار طریقے سے ڈیجیٹل انوائس تیار کرے گا جس پر کیو آر کوڈ اور ایک منفرد نمبر فراہم کیا جائے گا، سپلائر اور خریدار دونوں کو ایف بی آر کے ڈیجیٹل پورٹل پر اس انوائس کی فوری رسائی حاصل ہو گی۔
ایف بی آر کے مطابق یہ نیا نظام درست ڈیٹا رپورٹنگ اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، اس کے تحت نیا ٹیکس دہندہ بی آئی ڈیش بورڈ انوائسز کی تعداد، اقسام اور ویلیو کا مکمل ریکارڈ فراہم کرے گا۔
ٹیکس دہندگان صرف ایک کلک کے ذریعے منظور شدہ انوائسز کو اپنے ٹیکس دورانیہ میں لوڈ کر سکیں گے جس سے وقت، محنت اور اخراجات میں نمایاں بچت ہوگی۔
ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم سے منسلک ہونا شفاف اور جدید ٹیکس نظام کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔