ایف بی آر نے آن لائن کاروبار کے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے

Published On 28 August,2025 10:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن کاروبار کے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے۔

ملکی ڈیجیٹل معیشت کو ٹیکس دائرے میں لانے کیلئےانکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا ڈرافٹ جاری ہوگیا۔

ایس آر او کے مطابق آن لائن کاروبار کرنے والے ہر ادارے کو ماہانہ مالیاتی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔

آن لائن کاروبار والے ادارے فارم اے 1 اور فارم اے 2 پر ماہانہ مالیاتی تفصیلات جمع کریں گے، آن لائن کاروبار کی تفصیلات بمعہ این ٹی این اور ماہانہ بینک اکاؤنٹ کھاتوں پرمشتمل ہوگی۔

ایس آر او کے مطابق آن لائن کاروباری اداروں کو فروخت کنندہ کا نام ، پتہ، انوائس نمبر بھی فراہم کرنا ہوگا۔

ملک بھر کی تمام کوریئر سروس کمپنیوں کو ہر سہ ماہ بعد مالی تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کرانا ہوں گی۔

ایس آر او کے مطابق کوریئر سروس کمپنیوں کو مالی تفصیلات جمع کرنے کیلئے فارم 1 جاری کیا گیا۔

ایس آر او کے مطابق آن لائن مالی خدمات فراہم کردہ کمپنیوں کو علیحدہ فارم میں سروسز پر ٹیکس تفصیلات دینا ہوں گی۔

آن لائن کاروبار کرنے والے اداروں کو ٹیکس تفصیلات فراہم کرتے وقت حلفیہ بیان بھی جمع کرنا ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق آن لائن کاروبار کے ترمیم شدہ ڈرافٹ پر سٹیک ہولڈرز سات روز میں آراء جمع کرا سکتے ہیں۔