سمگل شدہ گاڑیوں کی ریگولرائزیشن میں ملوث افسران معطل و گرفتار

Published On 03 September,2025 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کی سمگل شدہ گاڑیوں کی ریگولرائزیشن میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

ایف بی آر وی بوک سسٹم کے آکشن ماڈیول میں جعلسازی کا انکشاف ہوا، 1,909 گاڑیوں کی تفصیلات سسٹم میں اپ لوڈ، 103 جعلی طریقے سے شامل کی گئیں۔

ایف بی آر کے مطابق 43 سمگل شدہ گاڑیاں ایف بی آر ریکارڈ میں قانونی ظاہر کی گئیں، ایف بی آر نے تحقیقات میں جعلی یوزر آئی ڈیز کی نشاندہی کر لی۔

ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹر کو 9 جولائی کو معطل کیا گیا ہے، ایف بی آر کی درخواست پر جے آئی ٹی قائم کر دی گئی۔

ایف آئی اے نے ملوث افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے گرفتاریاں کر لیں، کسٹمز انفورسمنٹ اب تک 7 مقدمات درج، 13 گرفتاریاں کر چکی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ادارے میں موجود کرپٹ عناصر کی نشاندہی اور کارروائی جاری رہے گی۔