اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی کنکشنز فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، نئے کنکشنز کے لیے ایس او پیز مرتب کر دیئے گئے ہیں۔
آر ایل این جی بیسڈ گھریلو کنکشن کے لیے سکیورٹی فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 10 مرلہ گھر تک 1500 اور اس سے بڑے گھروں پر 3 ہزار روپے سروس چارجز لاگو ہوں گے، اس حساب سے 10 مرلہ گھر پر کنکشن کی مجموعی لاگت 21 ہزار 500 روپے جبکہ بڑے گھروں پر 23 ہزار روپے ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو کنکشن کے لیے نئی درخواست دینا ہوگی جبکہ پرانی درخواستیں انٹرٹین نہیں کی جائیں گی، البتہ جو صارفین 3 یا 4 سال پہلے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا چکے ہیں وہ فرق ادا کر کے نیا معاہدہ کرسکیں گے، نئے گھریلو کنکشنز آر ایل این جی ٹیرف پر فراہم کیے جائیں گے۔