کراچی: (حمزہ گیلانی) چین میں حلال پروٹین مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث پاکستان کو بیف ایکسپورٹ کے بڑے آرڈرز موصول ہوگئے ہیں، اس حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے خط کے مطابق پاکستان سے بیف ایکسپورٹ کرنے والی ایک معروف کمپنی کو چین سے 75 لاکھ ڈالر مالیت کے نئے آرڈرز موصول ہوئے ہیں۔
کمپنی خط کے مطابق چین کو فروزن بون لیس بیف کی برآمد ایک سال کے دوران مکمل کی جائے گی، اور یہ معاہدہ سی پیک فریم ورک کے تحت طے پایا ہے، چین میں حلال اور معیاری پروٹین مصنوعات کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر پاکستانی کمپنی عالمی معیار کے مطابق فروزن بیف برآمد کرے گی۔
یہ پیشرفت پاکستان کے گوشت ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے اہم سنگ میل تصور کی جا رہی ہے اور اس سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی بلکہ گوشت کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔