اسلام آباد: (مدثر علی رانا) معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان ایک ارب ڈالر کے حصول کے لیے مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نقصانات پر صوبائی حکام سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کی تجاویز پر حتمی بات چیت آئندہ دنوں میں ہوگی، مذاکرات کے دوران دوسرے اقتصادی جائزے کے تحت وزارتوں، ریگولیٹری باڈیز اور صوبائی حکومتوں سے الگ الگ اجلاس ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر، اوگرا، نیپرا سمیت دیگر اداروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی جائے گی، جولائی سے ستمبر تک 3 ہزار 83 ارب روپے ریونیو کا ہدف مقرر ہے تاہم 180 سے 200 ارب روپے تک ریونیو شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر کو 3.1 ٹریلین روپے ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے 21 فیصد گروتھ درکار ہے جبکہ جولائی تا اگست ریونیو گروتھ صرف 15 فیصد تک محدود رہی تھی۔