چیئرمین این ڈی ایم اے کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی کارروائیوں، نقصانات کا جائزہ لیا

Published On 23 September,2025 06:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی جاری ہے۔

 

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور نقصانات کا جائزہ لیا۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے سیلاب متاثرہ اضلاع میں قائم امدادی کیمپس، میڈیکل کیمپس اور خیمہ بستیوں کا بھی دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر خانیوال سلمیٰ سلیمان اور اے ڈی سی آر خانیوال خالدعباس نے چئیرمین این ڈی ایم اے کو بریفنگ دی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں قائم خیمہ بستیوں کا دورہ، متاثرین کوامداد اور بحالی کی یقین دہانی کرائی، خیمہ بستیوں میں متاثرین کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں بشمول فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کو بھی سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کے لیے رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام اداروں کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں ہیں۔