ایف بی آر نے گوشواروں میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دے دیا

Published On 25 September,2025 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گوشواروں میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دے دیا۔

ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی ڈیڈ لائن سے چند روز قبل آئرس فارم میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو میں سالانہ اضافے کی تفصیلات دینا ہوں گی، کوئی نیا ایس آر او جاری نہیں کیا گیا، نئے کالم کا اضافہ 18 اگست کو کیا گیا تھا۔

نئے کالم کا مقصد اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کر کے مستند ڈیٹا سے بہتر پالیسی بنانا ہے، اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو کے تعین کا ٹیکس معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کو بنیاد بنا کر کسی ٹیکس دہندہ کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

ٹیکس دہندگان کی جانب کہا گیا ہے کہ جو لوگ اپنے گوشوارے جمع کروا چکے ان کو دوبارہ جمع کروانے ہوں گے، اضافی کالم بھرے بغیر نئے فارم مکمل نہیں ہوں گے۔