پوسٹ کسٹمز کلیئرنس کی آڈٹ رپورٹ پر انکوائری کا فیصلہ

Published On 15 September,2025 10:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کسٹمز کی جانب سے پوسٹ کسٹمز کلیئرنس کی آڈٹ رپورٹ پر انکوائری کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایات جاری کر دیں، پوسٹ کسٹمز کلیئرنس کی آڈٹ رپورٹ پر تھرڈ پارٹی کی آڈٹ رپورٹ دی جائے گی۔

حکام کے مطابق فیس لیس سسٹم کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، افسران کیخلاف کارروائی ہو گی۔

پوسٹ کسٹمز کلیئرنس آڈٹ کی رپورٹ پر چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور ممبر کسٹمز آپریشنز کو بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ گڈز ڈیکلریشن کی کلئیرنس کیلئے ٹائم کم نہیں ہوا بلکہ مزید بڑھا ہے، گڈز ڈیکلریشن کی کلیئرنس میں وقت کی کمی کیلئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت اصلاحات جاری ہیں، فیس لیس سسٹم انسٹال ہونے کے بعد جی ڈی فائل کرنے میں کرپشن کم ہوئی۔

کسٹمز حکام نے پوسٹ کسٹمز کلیئرنس کی آڈٹ رپورٹ لیک ہونے پر بھی انکوائری کا فیصلہ کیا، رپورٹ جولائی میں تیار ہوئی اور ایف بی آر کو فراہم کرنے سے قبل ہی لیک ہو گی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق جی ڈی کلئیرنس کیلئے ماہرین کی کمی پہلے بھی تھی اب بھی ہے۔

راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ کراچی کے چار کلیکٹوریٹ اور اسسمنٹ کیلئے 4 گروپس تھے، فیس لیس سسٹم انسٹال ہونے کے بعد اب ڈیمریج میں بھی کمی آئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ فیس لیس سسٹم کے باعث درآمد کنندگان کو سہولت ملی ہے، فیس لیس اسسمنٹ سسٹم کا مقصد سہولت دینا ہے ریونیو بڑھانا نہیں تھا۔

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ اس اسسمنٹ نظام کیلئے ماہرین کا نیا کیڈر لایا جائے گا۔