سونا ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ 4 لاکھ روپے کا ہندسہ پار کرگیا

Published On 29 September,2025 02:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں فی تولہ سونا پہلی بار 4 لاکھ کا ہندسہ پار کرگیا، قیمت 4 لاکھ 600 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

صرافہ بازار میں 24 قیراط فی تولہ سونا 5 ہزار 900 روپے مہنگا ہو کر تاریخ میں پہلی بار فی تولہ 4 لاکھ روپے کی حد پار کر گیا۔

10گرام سونا 5 ہزار 58 روپے بڑھ کر پہلی بار 3لاکھ46 ہزار 21 روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہونے لگا ہے جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت 88 روپے اضافے سے پہلی بار 4 ہزار 792 روپے ہو گئی۔

عالمی منڈی میں فی اونس سونا 59 ڈالر بڑھ کر پہلی بار3818 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر آگیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ایک زمانے میں روایت یہ تھی کہ دلہنیں بھاری بھرکم سونے کے سیٹوں سے آراستہ ہوتی تھیں، اب خاندان پیچھے ہٹ رہے ہیں اور نقلی زیورات یا چاندی چڑھے متبادل کا انتخاب کر رہے ہیں جس کی واحد وجہ سونے کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہے۔

عالمی سطح پر سونے کی ریکارڈ بلند قیمتیں، جو جغرافیائی کشیدگی اور معاشی اتار چڑھاؤ سے بڑھ رہی ہیں، پاکستان بھر میں سماجی روایات اور مالی فیصلوں کو نئی شکل دے رہی ہیں۔

سونا طویل عرصے سے سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، اس کے دام عالمی اور مقامی سطح پر دونوں جگہوں پر تیزی سے بڑھے ہیں، پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت حالیہ دنوں میں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی ہے جبکہ بعض مارکیٹ تجزیہ کار خبردار کر رہے ہیں کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ چھ تا آٹھ ماہ میں یہ 4,50,000 روپے تک جا سکتی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافہ جغرافیائی غیر یقینی صورتحال، مرکزی بینکوں کی ذخیرہ اندوزی اور امریکہ میں مالیاتی پالیسی کی تبدیلیوں کے امتزاج کے باعث ہے۔