اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک سعودی تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد ایک اور بڑی اہم پیشرفت ہوئی ہے، سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق شہزادہ منصور بن محمد السعود کی سربراہی میں وفد اسلام آباد پہنچا ہے، سعودی وفد کی پاکستان میں وزیراعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں جبکہ دورے کے دوران پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان مختلف معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پردستخط بھی متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نے دفاعی معاہدے کے بعد اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے اور اس کے ثمرات حاصل کرنے کیلیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی ، جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی مذاکرات کی قیادت کرے گی۔
کمیٹی کے ممبران میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احدچیمہ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ توانائی اویس لغاری، وزیرِ خوراک رانا تنویر حسین، وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین اور دیگر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ کمیٹی کے مشترکہ چیئرمین سعودی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے مرکزی ٹیمیں تشکیل دیں گے جو تیز رفتاری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گی جبکہ اراکین کی دستیابی 6 اکتوبر 2025 سے یقینی بنائی جائے گی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کا قیام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا دائرہ دفاع اور توانائی سے بڑھ کر ماحولیات اور موسمیاتی استحکام کے شعبوں تک وسیع ہو رہا ہے۔